اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ، ایک اہلکار زخمی

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب پولیو کے قطرے پلانے کے لیے جانے والی اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک ڈاکٹر زخمی ہو گئے ہیں۔

زخمی ہونے والے ڈاکٹر کا تعلق صحت سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلو ایچ او) سے بتایا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر فاسٹن ڈیوڈ (جن کی شہریت تاحال معلوم نہیں ہوسکی) اپنے عملے کے ہمراہ سہراب گوٹھ کے قریب واقع کچی آبادی مچھر کالونی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کی مہم کے لیے کام کر رہے تھے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق انہیں دو گولیاں لگیں، اور پہلے قریب واقع (نجی) پٹیل ہسپتال لے جایا گیا، جہاں سے انہیں آغا خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔