اولمپک ویزہ سکینڈل: ’گیارہ افراد گرفتار‘

اولمپک ویزہ سکینڈل میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے لاہور میں پانچ خواتین سمیت پاسپورٹ اور نادرا کےگیارہ ملازمین کو گرفتار کیا ہے۔

اولمپک ویزہ سیکنڈل سے متعلق برطانوی اخبار دی سن کی رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد پاکستان کے مشیر داخلہ رحمان ملک نے جعلی پاسپورٹ کے ذریعے برطانیہ کا اولمپک ویزا لگوانے کی کوشش کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

ایف آئی اے کے ترجمان فرحت عباس نے بی بی سی کو بتایا کہ لاہور میں ایف آئی اے کی ٹیموں نے باغبان پورہ میں نادرا اور گارڈن ٹاون میں پاسپورٹ کے دفاتر پر چھاپے مارے اور گیارہ افرد کو گرفتار کیا۔

گرفتار ہونے والوں میں پاسپورٹ آفس کا ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز شامل ہیں جبکہ نادرا کے دفتر کے فوٹو سیکشن کے اہلکاروں اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو حراست میں لیا گیا۔