امریکی صدر کی شامی حکومت کو تنبیہ

امریکی صدر باراک اوباما نے شام کے صدر بشار الاسد کو تنبیہ کی ہے کہ اگر ان کی حکومت نے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے تو ان کو اس کے لیے جوابدے ہونا پڑے گا۔

امریکی صدر کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب شامی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے عوام پر کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں کرے گا لیکن باہر سے حملے کی صورت میں ایسا کرنے سے دریغ نہیں کیا جائےگا۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا خیال بھی قابلِ مذمت ہے۔

دوسری جانب حلب میں شدید لڑائی جاری ہے جہاں باغی فوجیوں نے شہر کے کچھ حصے پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔