امریکی اقتصادی شرح نمو انتہائی کم سطح پر

امریکی حکومت نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح گزشتہ ایک سال سے انتہائی کم سطح پر ہے۔

دوسری سہ ماہی میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح ایک اعشاریہ پانچ فیصد پر رہی۔

ملک کی اقتصادی ترقی کی سست روی امریکی صدر براک اوباما کے لیے ایک چیلنج کی صورت اختیار کر گئی کیونکہ ملک میں اس سال نومبر میں عام انتخابات ہونے والے ہیں۔

واشنگٹن میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ لوگوں کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو رہا اور دوسری طرف بے روزگاری کی سطح گزشتہ تین سال سے آٹھ فیصد سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے لوگ پیسہ خرچ نہیں کر رہے۔