شام: حلب کے کئی اضلاع پر بمباری

شام کے دوسرے بڑے شہر حلب کے کئی اضلاع میں شامی سکیورٹی فورسز نے باغیوں کو نکالنے کے لیے شدید بمباری کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق صلاح الدین ضلع میں فوج نے ہیلی کاپٹروں سے فائرنگ کی ہے تاہم باغیوں کے مطابق علاقے میں فوجی ٹینکوں کو داخل ہونے سے رعوک دیا گیا ہے۔

حلب میں بی بی سی کے ایک نامہ نگار کے مطابق سنیچر کو لڑائی میں شدت آئی ہے اور شہری ٹرکوں میں شہر سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دریں اثناء شام کے مسئلے پر عرب لیگ اور اقوام متحدہ کے مشترکہ ایلچی کوفی عنان نے حلب میں فوج اور شہر کے گرد بھاری ہتھیاروں کے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ فوری طور پر ضرورت ہے کہ بین الاقوامی برادری شام میں سیاسی تبدیلی کے لیے حزب اختلاف اور حکومت پر دباؤ میں اضافہ کرے۔