پاکستان نے ارجنٹائن کو شکست دے دی

لندن اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں ارجنٹائن کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے دونوں گول پنلٹی کارنز پر کیے، پہلے ہاف میں پاکستان کی جانب سے پہلا گول محمد عمران نے پنلٹی کارنر پر کیا۔

دوسرے ہاف میں کپتان سہیل عباس نے پنلٹی کارنر پر دوسرا گول کیا۔

پاکستان کی ٹیم مجموعی طور پر ارجنٹائن کی ٹیم پر حاوی رہی۔

اس سے پہلے تیس جولائی کو لندن اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان کا پہلا میچ سپین کے ساتھ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

پاکستانی ٹیم سنہ انیس سو بانوے کے بعد اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں وکٹری سٹینڈ پر پہنچنے میں ناکام رہی ہے۔ انیس سو بانوے کے بارسلونا اولمپکس میں شہباز احمد سینیئر کی قیادت میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

بدھ کو کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے سپین کو پانچ صفر سے ہرا دیا۔ پول اے کے دیگر میچوں میں آج جنوبی افریقہ کا مقابلہ برطانیہ سے ہوگا جبکہ پول بی میں ہالینڈ کا مقابلہ بیلیجیئم سے ہوگا جبکہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے علاوہ جنوبی کوریا اور جرمنی مدِمقابل ہوں گے۔