چودہویں پیرالمپکس مقابلوں کی افتتاحی تقریب

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 30 اگست 2012 ,‭ 19:35 GMT 00:35 PST

لندن میں دو ہزار بارہ کے اولمپکس مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے تقریباً دو ہفتے بعد چودہویں پیرالمپکس مقابلوں کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے۔

روایتی اولمپکس کی طرح ان پیرالمپکس کا آغاز بھی ایک رنگارنگ تقریب سے ہو رہا ہے۔ جس میں مشعل روشن ہو گی اور ان کھیلوں کا پرچم لہرایا جائے گا اور جسمانی طور پر معذور کھلاڑیوں کی تحریک کی اہمیت اجاگر کی جائے گی۔

اس تقریب میں ملکہ برطانیہ پیرالمپکس کا افتتاح کریں گی جبکہ ان کے ساتھ ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیتھرین میڈلٹن بھی شریک ہوں گی۔

گیارہ دن جاری رہنے والے ان مقابلوں میں ایک سو چھیاسٹھ ممالک کے چار ہزار دو سو کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پندرہ سو سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔اس سے قبل خواتین ایتھلیٹس اتنی بڑی تعداد میں کبھی پیرالمپکس مقابلوں میں شریک نہیں ہوئیں۔

پیرالمپکس کی افتتاحی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ ماہرِ طبعیات اور ’موٹر نیورون‘ نامی بیماری کا شکار پروفیسر سٹیون ہاکنگ ’سائنسی دریافت کے سفر‘ کی کہانی سنائیں گے۔

’اینلائٹنمنٹ‘ نامی اس پروگرام میں معذور فنکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ آسکر انعام کے لیے نامزد ہونے والے پیشکار سٹیون ڈیلری اس پروگرام کی ترتیب میں شامل تھے۔

منتظمین نے بتایا کہ سٹیون ہاکنگ اس کہانی میں شیکسپیئر کے ڈرامے ’دی ٹیمپیسٹ‘ کے کردار میرانڈا کی طرح رہنمائی کریں گے۔

پیرالمپکس کی افتتاحی تقریب کو اسی ہزار شائقین دیکھنے آئے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب کے مرکزی موضوعات انسانیت کو بااختیار بنانا اور انسانی صلاحیتوں کے بارے میں تاثرات کا چیلنج کرنا ہے۔

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔