چین: پانچ بچے زہریلی گیس کے اثر سے ہلاک

آخری وقت اشاعت:  پير 19 نومبر 2012 ,‭ 00:44 GMT 05:44 PST

ایک چینی سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا عکس جس پر ان ہلاکتوں کے حوالے سے شدید رد عمل دکھایا گیا ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق جنوب مغربی صوبے گوے جو میں پانچ سڑکوں پر رہنے والے بچے زہریلی گیس کاربن مونو آکسائیڈ کے اثر کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔

یہ بچے ایک بہت بڑے کوڑے دان کے قریب مردہ حالت میں پائے گئے اور ان کے ارد گرد جلا ہوا کوئلہ پایا گیا جس سے انداز لگایا جا رہا ہے کہ شاید ان بچوں نے اس کوئلے کو جلا کر سردی سے بچنے کی کوشش کی ہوگی۔

چینی اخبار ’چائنہ ڈیلی‘ کی ویب سائٹ کے مطابق ان تمام لڑکوں کی عمریں دس سال کے لگ بھگ ہیں۔

چینی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس بات پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے ۔

ان ویب سائٹس پر بہت سے افراد حکومت کو مورد الزام ٹھرا رہے ہیں اور بعض مقامی انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کر رہے ہیں۔

کچھ کا خیال ہے کہ ان کے والدین اس بات کے زمہ دار ہیں جنہوں نے انہیں سڑکوں پر رہنے کے لیے چھوڑ دیا تھا۔

ہلاک ہونے والے تین لڑکوں کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ باقی دو کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔

چین میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس نے معاشرے میں موجود بہت ساری برائیوں اور مسائل کو سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کرنا شروع کیا ہے او ر ماضی میں بھی بہت سارے واقعات ان ویب سائٹس کے زریعے منظر عام پر آئے تھے۔

یاد رہے کہ چین میں گزشتہ دنوں اگلے دس سال کے لیے نئی قیادت کو چنا گیا ہے جس کے صدر شی جن پنگ ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔