ماسکو ہوائی اڈے پر مسافر طیارہ گر کر تباہ

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 29 دسمبر 2012 ,‭ 15:33 GMT 20:33 PST

یہ حادثہ جس ہوائی اڈے کے قریب پیش آیا اسے ونوکوو ہوائی اڈہ کہا جاتا ہے

روس کے دارالحکومت ماسکو کے ایک ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے بعد قریبی سڑک پر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جہاز پر بارہ افراد سوار تھے۔

روسی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق طیارہ ہوائی اڈے پر اترتے وقت رن وے سے گزر کر ایک مصروف شاہراہ پر گر گیا۔

ٹوئٹر پر دیکھی جانے والی تصاویر میں ایک بری طرح جلے ہوئے طیارے کو تین بڑے ٹکڑوں میں سڑک پر بکھرے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس میں طیارے کا بنیادی ڈھانچہ ابھی سلامت ہے مگر اس کا کاک پٹ تباہ ہو چکا ہے۔

انہیں تصاویر میں طیارے پر ہوائی کمپنی کا نام ’ریڈ وینگ ائیر ویز‘ دیکھا جا سکتا ہے جو کہ ایک ’لو کاسٹ‘ روسی ہوائی کپمنی ہے جو مسافروں کو سستے ٹکٹ پر سفر کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

یہ حادثہ جس ہوائی اڈے کے قریب پیش آیا اسے ونوکوو ہوائی اڈہ کہا جاتا ہے اور یہ ماسکو کے تین بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔

روسی ٹی وی چینل رشیا ٹو ڈے کی ویب سائٹ کے مطابق یہ طیارہ چیک رپبلک سے ماسکو آ رہا تھا جس میں اندازے کے مطابق آٹھ مسافر اور عملے کے چار افراد سوار تھے۔

جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور تباہ شدہ طیارے نے شہر کی اہم شاہراہ کو بند کر رکھا ہے۔

یہ ایک روسی ساختہ ٹو پولِف ٹی یو ٹو طیارہ بتایا جاتا ہے جو انیس سو اسی کی دہائی میں روس نے تیار کرنے شروع کیے تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔