فوجیوں کی واپسی: اطالوی وزیر خارجہ مستعفی

اٹلی کے وزیر خارجہ جولیو ٹانزی نے حکومت کی جانب سے دو اطالوی فوجیوں کو بھارت واپس بھیجنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجاً استعفیٰ دے دیا ہے۔

اطالوی فوجیوں پر دو بھارتی ماہی گيروں کے قتل کا الزام ہے اور ان پر بھارتی عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔

اطالوی وزیر خارجہ نے پارلیمان کو بتایا کہ ’اطالوی فوجیوں کو واپس بھیجنے کے بارے میں ان کے تحفظات کو نہیں سنا گیا۔‘

دونوں اطالوی فوجی حال میں جب وطن واپس گئے تھے تو اٹلی کی حکومت نے ان فوجیوں کو واپس بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔

اٹلی کے اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے لیکن بھارت کی جانب سے اٹلی کو بعض یقین دہانیوں کے بعد دونوں فوجی جمعہ کو دوبارہ واپس بھارت آ گئے تھے۔

پیر کو بھارت نے اطالوی فوجیوں پر قائم مقدمے کی سماعت کے لیے ایک خصوصی عدالت قائم کی تھی۔