کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں دو دن کی توسیع

الیکشن کمیشن پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

یہ اعلان ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن شیر افگن نے جمعرات کو کیا۔

شیر افگن کے مطابق ملک بھر میں کاغذات نامزدگی اکتیس مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے باعث کاغذات کی جانچ پڑتال اب یکم اپریل سے سات اپریل تک ہو گی۔

اس سے قبل ریڈیو پاکستان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے کوئٹہ میں اعلان کیا تھا کہ صوبے میں سکیورٹی صورتحال کے مدِ نظر بلوچستان میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کی گئی ہے۔