کوئٹہ میں فائرنگ، پولیس افسر ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس افسر اور ان کا محافظ ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ پیر کو بروری روڈ پر پیش آیا جب نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر کے اس میں سوار ڈی ایس پی امیر محمد دشتی اور ان کے محافظ کو ہلاک کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ امیر محمد دشتی محافظ کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ کی طرف جا رہے تھے کہ عیسیٰ نگری کے قریب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

فائرنگ سے امیر محمد موقع پر ہی چل بسے جبکہ ان کا محافظ شدید زخمی ہوگیا اور بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔