بینظیر بھٹو قتل کیس: مشرف کی عدالت میں طلبی

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے میں سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف اور دوسرے ملزمان کو رواں ماہ کی 23 تاریخ کو طلب کر لیا ہے۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔

عدالت پہلے ہی سابق صدر کے اس مقدمے میں حمتی وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔

گزشتہ ماہ کی انتیس تاریخ کو سندھ ہائی کورٹ نے بینظیر بھٹو قتل کیس سمیت تین مقدمات میں سابق صدر کی حفاظتی ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے ان کے بلا اجازت ملک سے باہر جانے پر پابندی لگا دی تھی۔

پرویز مشرف پر سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو مطلوبہ حفاظت فراہم نہ کرنے، بلوچستان کے قوم پرست رہنما نواب اکبر بگٹی کے قتل کی سازش کرنے اور تین نومبر دو ہزار سات کو ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت ساٹھ ججوں کو حبسِ بے جا میں رکھنے کا الزام ہے۔