انٹرنیشنل کرکٹ امپائر ندیم غوری پر پابندی

پاکستان کے انٹرنیشنل کرکٹ امپائر ندیم غوری پر چار سالہ پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ایک اور امپائر انیس صدیقی پر تین سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان دونوں امپائرز کے خلاف یہ کارروائی ایک بھارتی ٹی وی چینل کے سٹنگ آپریشن کے نتیجے میں کی ہے جس میں ان دونوں سمیت بنگلہ دیش اور سری لنکا کے چھ امپائرز نے بھاری معاوضوں کے عوض من پسند فیصلے کرنے میں مبینہ طور پر دلچسپی ظاہر کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈسپلن اور کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا اور اس کے مرتکب افراد کے خلاف ہر وہ سخت کارروائی کی جائے گی جو آئی سی سی کی پالیسی کے مطابق ہو۔

دونوں امپائرز کے خلاف فیصلہ بھی یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتا ہے۔