’چینی سیاح بیرون ملک اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریں‘

چین کے ایک نائب وزیرِاعظم نے چینی عوام کو بیرونِ ملک سفر کے دوران اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنے کی تاکید کی ہے۔

چین کے نائب وزراۂ اعظم میں سے ایک وانگ یانگ نے شکایت کی ہے کہ بعض چینی سیاحوں کے غیر مہذب رویے کی وجہ سے چین کی بدنامی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’بعض چینی سیاحوں کی بدچلنی، جگہ جگہ تھوکنے اور تیز آواز میں بولنے سے چین کی بدنامی ہوتی ہے۔‘

نائب وزیراعظم نے ہر سطح پر سرکاری اہلکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ چینی سیاحوں کے اخلاق کو بہتر بنانے کے لیے انہیں بیرون ملک سفر کے دوران مقامی روایات کی قدر کرنا اور اچھا برتاؤ کرنا سکھائیں۔

چینی عوام نے اس بیان پر ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔