کراچی: تحریکِ انصاف کی مرکزی رہنما فائرنگ سے ہلاک

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف کی خواتین ونگ کی مرکزی نائب صدر زہرہ شاہد حسین کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ کراچی کے ڈیفنس فیز فور سے متصل گیزری کے علاقے میں سنیچر کی رات گیارہ بجے کے قریب پیش آیا۔

پی ٹی آئی کے صوبہ سندھ کے ترجمان دوا خان نے بی بی سی کو بتایا کہ زہرہ حسین کو ان کے گھر کے سامنے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے کہ کراچی کے حلقے این اے 250 کے 43 پولنگ سٹیشنز پر اتوار کو دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں۔