جنوبی وزیرستان میں بم دھماکوں میں دو لیویز اہلکار ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں دو اہلکار ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں۔دھماکے میں بجلی کے ایک ٹاور کو بھی تباہ کر دیاگیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا سے کوئی 30 کلومیٹر دور مشرق کی جانب علاقہ درگئی میں نامعلوم افراد نے رات کو ٹانک سے وانا جانے والی بجلی کی مین لائن کی ایک ٹاور کے قریب بارودی مواد نصب کیا تھا جو آج صُبح ایک زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔

اس کے نتیجے میں بجلی کی مین لائن کا ٹاور مکمل طور تباہ ہوگیا جس سے وانا کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد درگئی میں موجود ایک چیک پوسٹ سے ساؤتھ وزیرستان سکاؤٹس فورس کے اہلکار دھماکے کی جگہ پہنچے تو وہاں ایک دوسرا دھماکا ہوا جس میں دو اہلکار ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں۔لاشوں اور زخمیوں کو وانا آرمی ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جہاں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ آج منگل ہی کو میں اج این اے 41 کے چار پولینگ اسٹیشنوں پر فوج کی نگرانی میں دوبارہ ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں ابھی تک کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔