اپر دیر میں پولیس پر حملہ، جھڑپیں جاری

خیبر پختو نخواہ کے ضلع اپر دیر کے پولیس حکام کے مطابق صاحب آباد کے علاقے میں ہفتہ کی صبح پولیس موبائل وین پر حملے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

اس حملے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔

تھانہ واڑی کے محرر حسین خان نے بی بی سی کو بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران چرگوم نامی گاؤں میں فورسز اور شدت پسندوں میں جھڑپ ہوئی جو ابھی تک جاری ہے۔

پولیس کے مطابق اس جھڑپ میں اب تک ایک شدت پسند ہلاک جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ او واڑی احمد علی خان شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ایس ایچ او کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔