شامی باغیوں پر ’اسلحے کی پابندی ختم‘

برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے شامی حزبِ اختلاف پر اسلحے کی پابندی ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

تاہم ہیگ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ لیکن شامی باغیوں کو ’اسلحہ مہیا کرنے کا فوری فیصلہ ابھی نہیں ہوا،‘ اور باقی تمام پابندیاں اب بھی برقرار رہیں گی۔

ہیگ برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد بات کر رہے تھے۔

برطانیہ اور فرانس بشار الاسد کے ان مخالفین کو اسلحہ فراہم کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں جنھیں وہ معتدل کہتے ہیں۔

البتہ دوسرے ملک اس کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے صرف تشدد کو ہوا ملے گی۔