میران شاہ میں ڈرون حملہ، چار افراد ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں چار شدت پسند ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں کا تعلق شدت پسندوں کے ایک گروپ کے مقامی طالبان سے بتایا جاتا ہے۔

میرانشاہ میں ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان کو بتایا کہ منگل کی صُبح شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں شہر سے کوئی بیس کلومیٹر دور چشمہ پُل کے قریب کتو خیل میں ایک امریکی جاسوس طیارے نے ایک مکان کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا تھا کہ وہ ڈرون حملوں پر نظرِ ثانی کریں گے لیکن ساتھ ہی انھوں نے ڈرون حملوں کا دفاع کرتے ہوئے ان کے خطرناک شدت پسندوں کے خلاف استعمال کو جائز قرار دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ان کی وجہ سے امریکہ محفوظ ہوا ہے۔