طوفان کو بادشاہ کے نام سے منسوب کرنے پر معافی

سری لنکا کے محکمہِ موسمیات کے اعلیٰ ترین عہدیدار نے حالیہ آنے والے تباہ کن سمندری طوفان کو ملک کے بادشاہ کے نام سے منسوب کرنے پر قوم سے معافی مانگی ہے۔

محکمہِ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے اگر اُن کے اس اقدام سے بادشاہ یا قوم کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہیں۔ سری لنکا کے تیسری صدی کے بادشاہ محاسن کو ملک میں خوشحالی کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔

سری لنکا کے سیاسی رہنماؤں اور کسان تنظیموں نے کہا تھا کہ بادشاہ کا نام کسی بھی منفی چیز کے ساتھ جوڑنا نہیں چاہیے۔

دو ہفتے قبل آنے والے سمندری طوفان سے اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔