ڈاکٹر عبدالمالک متفقہ طور پر وزیرِاعلیٰ بلوچستان منتخب

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ متفقہ طور پر وزیرِاعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے ہیں۔

بلوچستان کے وزیرِاعلیٰ کے انتخاب کے لیے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر جان محمد جمالی کی قیادت میں ہوا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ وزیرِاعلیٰ کے عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے۔ ان کے انتخاب کے لیے اسمبلی میں موجود تمام 55 اراکینِ اسمبلی نے کھڑے ہو کر حمایت کا اظہار کیا، اور کسی نے مخالفت نہیں کی۔

انھیں نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ن اور پختون خوا ملی عوامی پارٹی نے نامزد کیا تھا، جب کہ جمعیتِ علمائے اسلام ف نے بھی ان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

وہ بلوچستان کے 15ویں قائدِ ایوان بن گئے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اتوار کے روز 11 بجے شروع ہونا تھا لیکن تاخیر کا شکار ہو گیا۔ جس کے لیے سپیکر نے معذرت پیش کی۔