بلوچستان کے نئے گورنر نے حلف اٹھا لیا

محمد خان اچکزئی نے جمعرات کی شام بلوچستان کے نئے گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیٰسی نے اُن سے حلف لیا۔

محمد خان اچکزئی صوبے کے ممتازسیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ خان عبدالصمد خان اچکزئی مرحوم کے صاحبزادے اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمودخان اچکزئی کے بڑے بھائی ہیں تاہم خود وہ غیر سیاسی شخصیت ہیں۔

وہ بیرونِ ملک سے اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیت ہیں اور ملازمت کے دوران بلوچستان یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر بھی رہ چکے ہیں۔

انہوں نے چیف پلاننگ کمیشن کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں اور منصوبہ بندی کمیشن کے قائم مقام چیف اکنامسٹ بھی رہے۔

محمد خان اچکزئی پشتو کے علاوہ اُردو، انگریزی اور فارسی زبانوں پر عبور رکھتے ہیں۔