کراچی :یومِ سوگ پر کاروبارِ زندگی معطل

پاکستان کے شہر کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے اپیل پر جمعہ کو یوم سوگ کے باعث کاروبارِ زندگی معطل رہا جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم ہے۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کاروباری افراد سے کہا ہے کہ وہ نمازِ جمعہ کے بعد تجارتی مراکز کھول لیں۔ اور ٹرانسپورٹروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنی بسیں سڑکوں پر لے آئیں۔

ایم کیو ایم نے کارکنوں کی جبری گشمدگی اور ہلاکتوں کے خلاف جمعہ کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا۔

یومِ سوگ پر تاجر،ٹرانسپوٹروں اور کاروباری برادری سے کاروبار بند رکھنے کی اپیل کے تھی۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جمعرات کی شب ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد آصف، محمد حسین اور محمد مسلم کے ماورائےِ عدالت قتل پر خاموش نہیں رہے سکتے۔ اگر یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو وہ جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔