ہانگ کانگ: ایڈورڈ سنوڈن کے حق میں ریلی

ہانگ کانگ میں ہزاروں افراد نے امریکہ میں نگرانی کے پروگرام کے بارے میں راز افشاء کرنے والے امریکی شہری ایڈورڈ سنوڈن کے حق میں ریلی نکالی ہے۔

ایڈورڈ سنوڈن ہانگ کانگ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ایڈورڈ سنوڈن کو امریکہ کی تحویل میں نہ دیں جو اُن پر مقدمہ چلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انتیس سالہ ایڈورڈ سنوڈن نے گذشتہ پیر کو ہانگ کانگ کا وہ ہوٹل چھوڑ دیا جہاں وہ قیام پذیر تھے اور اس وقت وہ لاپتہ ہیں۔

بہت سے مظاہرین ایڈورڈ سنوڈین کا ماسک پہنے ہوئے تھے اور وہ ’آزادی اظہار کا دفاع‘ اور ’ملک بدر نہ کرنے‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس سلسلے میں انہوں نے یو ایس کونصلیٹ کو ایک خط بھی بھیجا ہے۔

واضح رہے کہ مجرموں کی حوالگی سے متعلق امریکہ اور ہانگ کانگ کے درمیان ایک معاہدہ موجود ہے لیکن چین کی حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ کسی بھی فیصلے کو ویٹو یا مسترد کردے۔