پشاور کے قریب حملہ، پانچ ایف سی اہلکار ہلاک

بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پشاور کے قریب متنی کے مقام پر سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی جس میں پانچ ایف سی اہل کار ہلاک ہو گئے۔

متنی پولیس سٹیشن کے انچارج بہرام خان نے بی بی سی کو بتایا کہ فوج کے سپاہی معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران ان پر شدت پسندوں کی طرف سے بھاری ہھتیاروں سے حملہ کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ حملے میں کم سے کم فوج کے پانچ سپاہی ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ پولیس افسر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی طرف سے بھی جوابی کاروائی کی گئی جس میں چار عسکریت پسند مارے گئے۔

تاہم مقامی ذرائع نے مرنے والے سپاہیوں کی تعداد چھ بتائی ہے۔