وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر ہونے والے مبینہ خودکش حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعرات کو صدر مقام میرانشاہ سے کوئی تیس کلومیٹر دور تحصیل دتہ خیل میں بویا کے مقام پر خودکُش حملہ آور نے ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی کواس وقت سکیورٹی فورس کے چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا جب وہاں بارہ سے زیادہ اہلکار موجود تھے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ حملے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں تاہم فوجی ذرائع نے صرف تین زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ دھماکے سے چیک پوسٹ بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

اس واقعہ کی ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی حکام نے کسی پر الزام لگایا ہے۔

واضح رہے کہ اس واقعہ سے ایک دن قبل میرانشاہ بازار کے قریب ایک ڈرون حملے میں سترہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعلق حقانی گروپ سے بتایا جاتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق اکثر اوقات ڈرون حملے کے بعد شدت پسند بدلے کے طور پر پاکستانی فوج کو نشانہ بناتے ہیں۔