افریقی یونین نے مصر کی رکنیت معطل کر دی

افریقی ممالک کی تنظیم افریقین یونین نے صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد مصر کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین کی بحالی تک مصر تنظیم کی کسی بھی کارروائی میں شرکت نہیں کر سکے گا۔

بیان میں صدر مرسی کی برطرفی کو غیر آئینی قرار دیا گیا اور مصر کی نئی انتظامیہ سے تمام سیاسی عناصر سے بات کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

اس سے پہلے کینیا کے صدر اوہورو کنیاٹا نے کہا تھا کہ ایک جمہوری طور پر منتخب رہنما کی برطرفی افریقہ کے لیے شدید تشویشناک ہے۔