وزیراعظم نواز شریف کی چین کے وزیراعظم سے ملاقات

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق پاکستان اور چین کے وزیراعظم کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات میں اقتصادی تعاون کے آٹھ منصوبوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ان منصوبوں میں توانائی کے حصول کے لیے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبے اور روالپنڈی سے خنجراب تک فائبر آپٹک کیبل بچھانے کا منصوبہ شامل ہے۔

فائبر آپٹک کیبل کا منصوبہ تین سال میں مکمل ہو گا۔ جس پر 44 کروڑ ڈالر لاگت آئی گی۔

دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی راہداری کا منصوبہ بھی طے پایا ہے۔

پاکستان اور چین نے اقتصادی اور تکنیکی تعاون کے لیے مفاہمت کی یاداشتوں پر بھی دستخط کیے ہیں۔

پاکستان کا وزیراعظم بننے کے بعد نواز شریف نے اپنے پہلے سرکاری دورے کے لیے چین کا انتخاب کیا ہے۔انھیں اس دورے کی دعوت چین کے وزیر اعظم لی کی چنانگ نے اس سال مئی میں پاکستان کے دورے کے دوران دی تھی۔