’کراچی میں قتل کے واقعات میں تیزی سے اضافہ‘

پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ اس سال کے پہلے چھ ماہ میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں شہریوں کے قتل کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

پیر کو ایچ آر سی پی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق اس برس جون کے اختتام تک کراچی میں تشدد کے واقعات میں ایک ہزار سات سو چھبیس لوگ ہلاک ہوئے جبکہ اسی عرصے کے دوران پچھلے سال یعنی 2012 میں ایک ہزار دو سو پندرہ لوگ مارے گئے تھے۔

اس لحاظ سے اس برس کے ابتدائی چھ ماہ میں ہونے والی ہلاکتیں کہیں زیادہ ہیں۔

تنظیم کہتی ہے کہ ہر ماہ اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکتوں کے باوجود تشدد کو روکنا اب بھی بظاہر متعلقہ حکام کی ترجیح نہیں ہے۔