پیپلز پارٹی نے رضا ربانی کو صدارتی اُمیدوار نامزد کر دیا

پاکستان کی سابق حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے آئندہ ماہ منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں رضا ربانی کو صدارتی اُمیدوار نامزد کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما مخدوم امین فہیم نے پریس کانفرنس میں صدارتی اُمیدوار کے لیے رضا ربانی کی نامزدگی کا اعلان کیا۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ حزب اختلاف میں شامل دیگر جماعتیں صدارتی انتخابات میں رضا ربانی کی حمایت کریں۔

پاکستان کے صدر آصف علی زردای کی عہدے کی پانچ سال کی مدت آٹھ ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات چھ اگست کو کروانے کا اعلان کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جائیں گے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 جولائی کو کی جائے گی جبکہ کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 29 جولائی ہو گی۔