کرک: ویگن حادثے میں سولہ افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے کرک میں ایک مسافر ویگن کے حادثے میں سولہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

راولپنڈی سے بنوں کی جانب روانہ ایک مسافر ویگن کا تقریباً شام پانچ بجے کے بعد انڈس ہائی وے پر آمدیری کلہ کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والے ایک مال بردار ٹرک سے تصادم ہوا جس کے بعد ویگن میں آگ لگ گئی۔

مقامی صحافی ریاض خٹک نے بی بی سی کو بتایا کہ حادثے فوراً بعد ویگن میں آگ لگنے کے وقت گاڑی کے شیشے نہیں کھُل سکے جس کی وجہ سے دو بچوں اور دو عورتوں سمیت سولہ افراد ہلاک ہوگئے۔

حادثے میں ویگن کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال کرک لے جایا گیا اور بعد میں مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ٹرک کا ڈرائیور اور ان کا مددگار موقعے سے فرار ہوگئے۔ مقامی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مال بردار ٹرک میں آم کی پیٹیاں لدی ہوئی تھیں اور حادثے کے بعد ویگن اور ٹرک دونوں ہی مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئے ہیں۔