راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش اور آندھی

پاکستان کے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پیر کی صبح شدید بارشوں کے ساتھ تیز آندھی چلی ہے۔

ریڈیو پاکستان نے محکمۂ موسمیات کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ اسلام آباد میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 190 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

سرکاری ریڈیو نے امدادی کارکنوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔

امدادی کارکنوں کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کے قرب و جوار میں رہنے والے مکینوں کو سیلاب کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 23.46 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 15.94 فٹ پر پہنچ گئی ہے۔

پاکستان کی سرکاری ٹی وی کے مطابق نالہ لئی میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

راول ڈیم سے اضافی پانی کے اخراج کے کے لیے سپیل ویز کھول دیے گئے ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ ٹریفک جام رہا۔