ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز

پاکستان میں عام انتخابات کے چودہ ہفتے بعد جمعرات کو ملک میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اکتالیس حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا۔

ان 41 میں سے 15 حلقے قومی اسمبلی جبکہ 26 مختلف صوبائی اسمبلیوں کے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 25 ڈیرہ اسماعیل خان کم ٹانک میں امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے الیکشن ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی ہے اور یہ بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہےگی۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے کل 7606 پولنگ سٹیشنوں میں سے 1040 انتہائی حساس اور 2686 حساس قرار دیے گئے ہیں اور یہاں فوج تعینات کر دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 8 سے 10 ہزار فوجی ان انتخابات میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے پہلی بار پولنگ مراکز پر تعینات فوج کے متعلقہ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیے ہیں۔