’امریکی بحری بیڑہ شام کی جانب روانہ‘

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ امریکہ اپنی فوج کو شام کے قریب لا رہا ہے۔ یہ سرگرمی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکہ شامی تنازعے میں مداخلت کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر غور کر رہا ہے۔

چیک ہیگل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ صدر اوباما نے شامی حکومت کی جانب سے کیمائی ہتھیار کے استعمال کی بات سامنے آنے کے بعد سے پنٹاگن سے ہر قسم کے ملٹری متبادل راستے فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

انھوں نے کہا کہ’اس کے لیے ہمیں اپنی فوج اور ساز و سامان کو ایسی پوزیشن میں لانا ہے تا کہ جب صدر جو فیصلہ کریں ہم اس پر عمل درآمد کر سکیں۔‘

امریکی وزارتِ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کا چوتھا جنگی جہاز اس خطے کی جانب روانہ ہوا ہے۔