دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ

وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جلد ایک جامع آپریشنل منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے لاہور میں ایک اجلاس کے دوران صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ ایک ایسی فورس تشکیل دی جائے جو دہشت گردی سے موثر انداز میں نمٹ سکے۔

نواز شریف نے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھرتی پر عائد پابندی ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فورس میں بھرتیاں دس دن کے اندر اندر شروع کی جائیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ وفاق صوبائی حکومت انسداد دہشت گردی فورس کی بھرپور مدد کرے گی، جس میں کال ڈیٹا کی معلومات فراہم کرنا بھی شامل ہے۔