جنوبی فلپائن میں جھڑپیں، ہزاروں افراد کی نقل مکانی

جنوبی فلپائن میں مسلمان باغیوں اور حکومتی سکیورٹی فورسز کے درمیان تین روز سے جاری لڑائی کے باعث علاقے سے ہزاروں افراد نقل مکانی کرگئے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق فلپائن کی سکیورٹی فورسز نے تقریباً دو سو مسلمان جنگجوؤں کا محاصرہ کیا ہوا ہے جو ساحلی شہر زمبوئنگا کے رہائشی علاقوں میں مورچہ بند ہیں۔

شہر کے لیے مسافر کشتیوں کی سروس اور طیاروں کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور سکول اور کاروباری ادارے بھی بند پڑے ہیں۔

مسلمان باغی چاہتے ہیں کہ تنازعے کے حل کے لیے بین الاقوامی برادری ثالثی کرے۔ ان جنگجوؤں کا تعلق علیٰحدگی پسند مورو نیشنل لبریشن فرنٹ کے ایک دھڑے سے ہے۔

حکومت نے مخالف مسلم گروپ سے امن بات چیت میں مورو نیشنل لبریشن فرنٹ کو شامل نہیں کیا تھا۔