بلوچستان: نیٹو کے ٹینکرز پر حملہ، 7 ٹینکر تباہ

بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم افراد کے حملے میں نیٹو کے سات ٹینکر تباہ ہوگئے جبکہ صحبت پور کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ نیٹو کے آئل ٹینکروں پر حملے کا واقعہ قلات کے علاقے سوراب میں پیش آیا ۔

سوراب پولیس کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے کراچی سے تیل لیکر پندرہ آئل ٹینکروں کا ایک قافلہ سوراب پہنچا تھا کہ گزشتہ شب دو بجے کے قریب ایک ہوٹل پر نامعلوم افراد نے ان پر راکٹوں سے حملہ کیا۔

اس حملے میں سات آئل ٹینکر جل کر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ ان میں سے ایک کا ڈرائیور لاپتہ ہے شبہ ظاہر کیا جارہاہے کہ وہ جل کار ہلاک ہوگیا ہے۔

دوسری جانب صحبت پور میں حامد پور پولیس اسٹیشن کی حدود میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا۔