شہباز بھٹی کے قاتل گرفتار: اسلام آباد پولیس

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اقلیتی امور کے سابق وزیر شہباز بھٹی کے قاتل کو پیر کے روز پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے گرفتار ہونے والے ملزم حماد عادل عید الفطر کے موقع پر بارہ کہو کے علاقے میں ایک مسجد پر حملے میں بھی ملوث تھا۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ملزم کا کہنا ہے کہ انہوں نے تنویر اور عمر عبداللہ نامی افراد کے ساتھ مل کر شہباز بھٹی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

ملزم نے بتایا کہ تینوں افراد سابق وزیر کے گھر کے باہر صبح ساڑھے سات بجے سے کھڑے تھے اور جب ساڑھے آٹھ بجے شہباز بھٹی اپنے گھر سے روانہ ہوئے تو ان کا راشتہ روک کر انہیں ہلاک کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ اقلیتی امور کے سابق وزیر شہباز بھٹی کو دو مارچ دو ہزار گیارہ کو اسلام آباد میں ان کے گھر کے باہر اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب وہ اپنے دفتر کی جانب روانہ تھے۔