سام سنگ کے منافع میں مزید کمی کی توقع

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption سام سنگ نے اس برس کی تیسری سہ ماہی میں تقریبا سوا دو ارب ڈالر کے خسارے کی بات کہی تھی اور اس طرح مجموعی طور پر کمپنی کو پانچ ارب ڈالر سے بھی زیادہ کا نقصان ہوسکتا ہے۔

سام سنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا فون نوٹ 7 واپس لینے کے بعد اس کے منافع میں مزید کمی کی توقع ہے اور 2017 کی پہلی سہ ماہی میں بھی اس کی کمائی متاثر ہوگی۔

کمپنی نے اس برس کی تیسری سہ ماہی میں اپنی آمدن سے متعلق جائزہ پیش کرتے ہوئے اس میں کمی کی بات پہلے ہی کہی تھی۔

جمعہ کے روز کمپنی نے کہا ہے کہ اسے توقع ہے کہ اس پر تقریباً 7۔2 ارب ڈالر کا اضافی منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

سام سنگ نے اپنے فون نوٹ 7 کی بیٹری میں خرابی کے سبب گذشتہ ماہ فون کو واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی جگہ متبادل فون پیش کیا۔ تاہم اس میں بھی وہی خامی پائی گئی جس کے بعد کمپنی نے اس فون کو پوری طرح سے ہی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فون گذشتہ اگست میں لانچ کیا گیا تھا جس کا مقصد بازار میں ایپل کے نئے آئی فون 7 سے مقابلہ کرنا تھا لیکن سام سنگ کے نوٹ 7 کی بیٹری میں آگ لگنے کی خامی پائی گئی جسے ختم نہیں کیا جا سکا۔

سام سنگ نے اس برس کی تیسری سہ ماہی میں تقریبا سوا دو ارب ڈالر کے خسارے کی بات کہی تھی اور اس طرح مجموعی طور پر کمپنی کو پانچ ارب ڈالر سے بھی زیادہ کا نقصان ہوسکتا ہے۔

کپمنی کا کہنا ہے کہ موبائل فون کے کاروبار کو معمول پر لانے میں اسے اپنے دوسرے فون جیسے گلیکسی ایس 7 اور ایس 7 ایج فون کی فروخت سے مدد ملنے کی توقع ہے۔

کمپنی نے ایک بیان میں کہا: 'کمپنی گراہکوں کے لیے مصنوعات بنانے میں تحفظ کے پہلو پر مزید توجہ دے گی اور اس کے لیے وہ مصنوعات کی کوالٹی میں اہم تبدیلیاں کرےگی۔'

فون نوٹ 7 میں بیٹری کے گرم ہونے اور پھر اس کے پھٹ جانے کی شکایت کے بعد ستمبر کے مہینے میں کمپنی نے تقریبا 25 لاکھ فون کو بازار سے واپس لیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption فون نوٹ 7 میں بیٹری کے گرم ہونے اور پھر اس کے پھٹ جانے کی شکایت کے بعد ستمبر کے مہینے میں کمپنی نے تقریبا 25 لاکھ فون کو بازار سے واپس لیا ہے۔

بعد میں کمپنی نے اعلان کیا کہ اس کی جگہ پر جو متبادل فون پیش کیے گئے ہیں وہ محفوظ ہیں لیکن پتہ چلا کہ اس میں بھی بیٹری سے آگ لگنے کی شکایت پائی جاتی ہے۔

منگل کو کپمنی نے اعلان کیا کہ وہ اس فون کو مکمل طور پر بنانا ختم کر رہی ہے اور صارفین کو اس فون کو بند کردینے کی ہدایت دی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں