امریکہ نے پروازوں میں سام سنگ گیلیکسی نوٹ سیون فونز لانے پر پابندی عائد کر دی

تصویر کے کاپی رائٹ ARIEL GONZALEZ
Image caption سام سنگ نے ستمبر میں تقریباً 25 لاکھ گیلیسکی نوٹ سیون فونز چارجنگ کے دوران اس کی بیٹری پھٹ جانے کی شکایات سامنے آنے کے بعد واپس منگوا لیے تھے

امریکی محکمۂ برائے ٹرانسپورٹیشن نے جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کی مشہور کمپنی سام سنگ کے گیلیکسی نوٹ سیون کی بیٹری کے آگ پکڑنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد اس فون کے ساتھ پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمے کے مطابق امریکہ آنے اور امریکہ سے جانے والے تمام مسافر سنیچر کی شام سے سام سنگ کے گیلیکسی نوٹ سیون فونز کو اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے۔

سام سنگ: بھڑکتے ہوئے نوٹ 7 فون کے سبب منافع میں مزید کمی کی توقع

سام سنگ نے نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کر دی

امریکہ: موبائل فونز کے بعد سام سنگ کی واشنگ مشین بھی پھٹنے لگی

امریکہ کے فیڈریل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے اس سے قبل گیلیکسی نوٹ سیون فونز کو مسافروں کے سامان کے ساتھ پیک کرنے کی مخالفت کی تھی۔

خیال رہے کہ سام سنگ نے گذشتہ ہفتے اپنے جدید ترین سماٹ فون گلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سام سنگ نے یہ فیصلہ صارفین کی جانب سے ان شکایات کے بعد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ گیلیسکی نوٹ سیون کا استعمال محفوظ نہیں کیونکہ اس فون کو آگ لگ جاتی ہے۔

امریکہ کے ٹرانسپورٹ سیکریٹری اینتھونی فاکس نے ایک بیان میں کہا ' ہم یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ پروازوں میں گیلیسکی نوٹ سیون پر پابندی عائد کرنےسے کچھ مسافروں کو پریشانی ہو گی تاہم جہاز پر موجود تمام مسافروں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔'

ان کا مزید کہنا تھا 'ہم یہ اضافی قدم اس لیے اٹھا رہے ہیں کیونکہ پرواز میں آگ لگنے کا ایک بھی واقعہ مسافروں کو زخمی کرنے کے علاوہ ان کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔'

یاد رہے کہ سام سنگ نے ستمبر میں تقریباً 25 لاکھ گیلیسکی نوٹ سیون فونز چارجنگ کے دوران اس کی بیٹری پھٹ جانے کی شکایات سامنے آنے کے بعد واپس منگوا لیے تھے۔

سام سنگ نے اپنے صارفین کو متبادل فون فراہم کیے تھے جو محفوظ قرار دیے گئے تھے تاہم اب ان متبادل فونز کی بھی بیٹری پھٹے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

ان واقعات کے سامنے آنے کے بعد سام سنگ نے گیلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن مستقل طور پر بند کرن کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں