مائیکروسافٹ نے نئی ونڈوز10 کے ساتھ سرفیس سٹوڈیو متعارف کروا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ MICROSOFT

مائیکروسافٹ کی جانب سے کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 کے آئندہ آنے والے ایڈیشن میں 3D اور ایڈیٹنگ کے لیے کچھ نئے ٹولز کے علاوہ تبدیل شدہ پینٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے نئے ورچوئل ریئلیٹی ہیڈسیٹس بھی متعارف کروائے گئے ہیں جن کی مدد سے صارفین اپنی بنائی ہوئی چیزوں پر بہتر انداز میں کام کر سکیں گے۔

مائیکروسافٹ نے اپنا پہلا آل ان ون ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر ’سرفیس سٹوڈیو‘ متعارف کروایا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ MICROSOFT

اس نئے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ سب سے باریک ایل سی ڈی ٹچ سکرین کمپیوٹر ہے اور اس میں ڈائل کنٹرولر بھی موجود ہے، جسے سکرین پر یا اپنی ہی جگہ پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس ڈیسک ٹاپ کو متعارف کروانے کی تقریب کے دوران سٹیج پر اسے استعمال کرکے دکھایا گیا کہ کیسے سٹائلس کی مدد سے 2D گرافک بنایا جا سکتا ہے جسے سافٹ ویئر خود ہی ٹھیک کر لیتا ہے۔ اس ڈیزائن میں تصاویر کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے اور اس کے کچھ حصوں کو اینیمیٹڈ بھی بنایا جا سکتا ہے۔

مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ ایسر، ایسوس، ڈیل، ایچ پی اور لینوو ونڈوز 10 کے ساتھ چلنے والے ورچوئل ریئلیٹی ہیڈسیٹس بنائیں گے، جسے پہننے والے کمپیوٹر سے نکلنے والی تصاویر کو دیکھ سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سب سے کم قیمت ماڈل 299 ڈالر کا ہوگا، جو کہ اس وقت ویڈیو گیمز کے لیے استعمال کیے جانے والے اوکولس رفٹ اور ایچ ٹی سی ویوو ہیڈسیٹس سے کہیں زیادہ سستے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ MICROSOFT

ونڈوز 10 کا نیا ایڈیشن آئندہ سال کے آغاز میں ریلیز کر دیا جائے گا اور ان تمام صارفین کو مفت اپ گریڈ کی سہولت مہیا کی جائے گی جو پہلے سے ہی یہ سافٹ ویر استمعال کر رہے ہیں۔

ونڈوز 10 میں شامل کیے جانے والے دیگر نئے فیچرز:

  • آئکونز کی ایک بار شامل کی گئی ہے جس پر صارف کے قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کے نام دکھائی دیں گے، جن کے ساتھ چیٹ، ای میل اور بات چیت کے دیگر آپشن ایک ہی جگہ حاصل ہوں گے۔
  • ایموجیز اور یوزر جینیریٹڈ 3D پاپ اپ جو کہ صارف اپنے دوستوں کو بھیج سکتے ہیں۔
  • اگر صارف کے پاس اینڈروائیڈ فون ہے تو انھیں اپنے کمپیوٹر پر ہی ٹیکسٹ میسیجز موصول ہو سکیں گے۔
  • ونڈوز 10 اور ایکس باکس پر گیمز کھیلنے والے دیگر صارفین کے ساتھ مل کر ویڈیو گیمز ٹورنامنٹس بھی کروائے جا سکیں گے۔
تصویر کے کاپی رائٹ MICROSOFT

مائیکروسافٹ نے نیو یارک میں منعقد کی گئی تقریب میں نئے لیپ ٹاپ ’سرفیس بک آئی7‘ بھی متعارف کروایا ہے۔ جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال متعارف کروائے جانے والے ماڈل کے مقابلے میں اس کے گرافکس دو گنا مزید بہتر کیے گئے ہیں اور اس کی بیٹری بھی 16 گھنٹوں تک کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تاہم کمپنی کی جانب سے اس تقریب میں زیادہ تر وقت ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر ’سرفیس سٹوڈیو‘ کو ہی دیا گیا۔

اس کی قیمت کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ سرفیز سٹوڈیو آئندہ 15 دسمبر میں امریکہ میں فورخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا اور اس کی قیمت 2999 ڈالر اور 4199 ڈالر ہوگی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں