مارک زکربرگ کا نئے سال کا عہد کیا ہے؟

مارک زوکر برگ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption مارک زکربرگ کے بارے میں یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں شامل ہو سکتے ہیں

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اپنے نئے سال کے 'ریزولیوشن' یا عہد کے طور پر اپنے امریکہ گھومنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے نئے سال 2017 کے تعلق سے اپنے ذاتی چیلنج کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ امریکہ کی تمام ریاستوں میں جا کر وہاں کے لوگوں سے ملنا چاہتے ہیں۔

32 سالہ ٹکنالوجی کی دنیا کے بادشاہ نے کہا کہ اپنا عہد پورا کرنے کے لیے انھیں تقریباً 30 ریاستوں کا دورہ کرنا ہوگا۔

انھوں نے گذشتہ سال 365 میل دوڑنے، 25 کتابیں پڑھنے اور مینڈارن یعنی چینی زبان سیکھنے کا عہد کیا تھا۔

ان کے امریکہ کے دورے کے بارے میں یہ قیاس آرائی جاری ہے کہ وہ آئندہ امریکہ میں صدارتی انتخابات کی دور میں شامل ہو سکتے ہیں۔

زکربرگ نے اپنے فیس بک پوسٹ میں لکھا: 'ہنگامہ خیز گذشتہ سال کے بعد میرے سامنے باہر نکلنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے ملنے کا چیلنج ہے تاکہ یہ جان سکوں کے وہ کیسے رہتے ہیں، کیسے کام کرتے ہیں اور مستقبل کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

'گلوبلائزیشن اور ٹکنالوجی نے کئی دہائيوں سے ہمیں زیادہ بارآور اور ایک دوسرے کے قریب آنے میں مدد کی ہے۔'

انھوں نے کہا: 'اس سے جہاں بہت سے فوائد سامنے آئے ہیں وہیں بہت سے لوگوں کے لیے زندگی مزید مشکل ہوئی ہے۔ میرے عہد کے مقابلے اس سے تقسیم کے احساس میں اضافہ ہوا ہے۔ ہمیں اس روش کو بدلنے کا راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ سب کے لیے مفید ہو۔'

انھوں نے مزید کہا کہ دنیا نئے عہد میں داخل ہو رہی ہے اور ایسے میں سڑک سے کیے جانے والے دورے سے انھیں مثبت اثرات کی امید ہے۔

گذشتہ سال یہ امید کی جا رہی تھی کہ وہ صدارتی امیدوار ہو سکتے ہیں اور دستاویزات یہ بتاتے ہیں کہ انھوں نے ایسے انتظامات بھی کیے تھے کہ اگر وہ حکومت میں ہوتے ہیں تو بھی کمپنی پر ان کا کنٹرول برقرار رہے۔

گذشتہ ہفتے مسٹر زوکربرگ نے یہ بھی کہا کہ وہ اب خدا کے منکر نہیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا: 'میری پرورش یہودی کے طور پر ہوئی اور ایک ایسا وقت آیا جب میں نے سوالات کیے لیکن اب میرا خیال ہے کہ مذہب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں