صدارتی انتخاب لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں: زکر برگ

زکر برگ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption زکر برگ کے متعلق ایسی قیاس آرائیوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب انھوں نے ایک سیاسی بیان دیا اور امریکہ کی مختلف ریاستوں کا دورہ کرنے کی بات کہی

فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ ان کا امریکہ کے صدرارتی انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

'بزفیڈ' نیوز نے ان سے جب اس سے متعلق ایک سوال کیا تو انھوں نے کہا: 'نہیں تو، میری پوری توجہ فیس بک پر ہماری کمیونٹی بنانے کے کام پر مرکوز ہے۔'

زکر برگ کے متعلق ایسی قیاس آرائیوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب انھوں نے ایک سیاسی بیان دیا اور امریکہ کی مختلف ریاستوں کا دورہ کرنے کی بات کہی۔

32 سالہ زکر برگ کی 2020 میں اتنی عمر ہوجائے گی کہ وہ صدارتی انتخابات لڑنے کے اہل ہو جائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ VANITY FAIR
Image caption کرسمس کے موقع پر زکر برگ نے اپنی ایک پوسٹ میں مذہب کے تئیں یہ کہتے ہوئے اپنے روے میں نرمی ظاہر کی تھی کہ یہ بہت اہم ہے

اپریل 2016 میں 'فورچیون' جریدے نے خبریں شائع کی تھیں کہ فیس بک نے اپنی کمپنی میں ایسی تبدیلیاں کرنے پر اتفاق کر لیا ہے جس سے زکر برگ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل سکے گی۔

کرسمس کے موقع پر زکر برگ نے اپنی ایک پوسٹ میں مذہب کے تئیں یہ کہتے ہوئے اپنے رویے میں نرمی ظاہر کی تھی کہ یہ 'بہت اہم ہے۔'

اس سے قبل انھوں نے اپنے آپ کو ملحد قرار دیا تھا جس سے شاید کچھ امریکی شہریوں میں ان کی اپیل محدود ہوجاتی۔

جنوری میں انھوں نے اعلان کیا کہ ان کے لیے امریکہ کی تمام ریاستوں کا دورہ کرنا ایک چیلنچ ہے اور وہ ہر ریاست، بشمول وہ 30 ریاستیں جن کا انھوں نے اس سے قبل دورہ نہیں کیا تھا، جاکر وہاں کے لوگوں سے بات چیت کریں گے۔

امریکہ میں صدارتی امیدوار عام طور پر عوام کی حمایت کے لیے ریاستوں کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔

بزفیڈ نیوز کا کہنا ہے کہ زکر برگ کے پاس مسبتقل میں اپنے سیاسی عزائم سے متعلق سوالات کا کوئی فوری جواب نہیں ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں