انڈیا میں دنیا کی ’سب سے وزنی‘ خاتون کا آپریشن

ایمان احمد العبدالآتی تصویر کے کاپی رائٹ SAIFEE HOSPITAL
Image caption آپریشن سے قبل ان کا وزن 500 کلوگرام بتایا جاتا تھا اور خیال ہے کہ وہ دنیا کی وزنی ترین خاتون ہیں

انڈيا کے شہر ممبئی کے سیفی ہسپتال کا کہنا ہے کہ مصر سے بھارت میں وزن کم کروانے کے لیے آنے والی مصری خاتون کا آپریشن کر دیا گیا ہے جس کے بعد ان کے وزن میں 100 کلو کی کمی ہوئی ہے۔

ان مصری خاتون کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس آپریشن سے قبل 500 کلوگرام وزن کے ساتھ وہ دنیا کی سب سے وزنی خاتون تھیں۔

ہسپتال کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہوسکے 36 سالہ ایمان احمد عبدالآتی اتنی صحت یاب ہو جائیں کہ اپنے وطن واپس جا سکیں۔

36 سالہ ایمان احمد العبدالآتی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی لائی گئی تھیں اور انھیں سیفی ہسپتال میں داخل کیا گيا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ COURTESY: DR MUFFAZAL LAKDAWALA
Image caption آپریشن کے بعد ایمان کا وزن سو کلو کم ہوا ہے اور مستقبل قریب میں ان کا وزن اور کم ہونے کی توقع ہے

ہسپتال کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے بعد ایمان کا وزن سو کلو کم ہوا ہے اور مستقبل قریب میں ان کا وزن مزید کم ہونے کی توقع ہے۔

یہ آپریشن وزن کم کرنے والی سرجری کے ماہر ڈاکٹر مضفل لکڑوالا کی قیادت میں ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے کیا ہے۔

ایمان احمد العبدالآتی کے خاندان کا کہنا تھا کہ انڈيا آنے سے پہلے وہ 25 سال سے گھر سے باہر نہیں نکلی تھیں۔

عبدالآتی کے خاندان کا کہنا تھا کہ پیدائش کے وقت ان کا وزن پانچ کلوگرام تھا اور ان میں ایلیفنٹیاسس کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس بیماری میں بازو اور جسم کے دوسرے حصے انفیکشن کی وجہ سے پھول جاتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ SAIFEE HOSPITAL
Image caption ایمان احمد العبدآتی کے خاندان کا کہنا تھا کہ انڈيا آنے سے پہلے وہ 25 سال سے گھر سے باہر نہیں نکلی تھیں

ڈاکٹر لکڑوالا کے مطابق مریض کے خاندان نے بتایا کہ جب وہ 11 سال کی تھیں تو ان کا اتنا زیادہ وزن تھا کہ وہ کھڑی نہیں ہوسکتی تھیں اور رینگ کر چلتی تھیں۔

خاندان کا دعویٰ تھا کہ ان کا وزن 500 کلوگرام ہے۔ اگر ان کے وزن کے بارے میں دعویٰ درست ہے تو وہ دنیا کی سب سے وزنی خاتون ہوں گی۔

سب سے زیادہ وزنی خاتون کا موجودہ گینیز ورلڈ ریکارڈ امریکی خاتون پولین پوٹر کے پاس ہے جس کا وزن 292 کلوگرام ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں