ٹوئٹر کا رقم کے عوض ممبرشپ دینے پر غور

ٹوئٹر تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER
Image caption ٹوئٹر اپنے ایڈوانس ورژن پر غور کررہا ہے جس میں زیادہ سہولیات دستیاب ہوں گی

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر بزنس اور پاور صارفین کے لیے رقم کے عوض رکنیت حاصل کرنے کے آپشن کے بارے میں غور کر رہی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سروس کو حالیہ برسوں کے دوران ترقی میں مشکلات کا سامنا رہا ہے اور وہ اس نئے خیال کے بارے میں سروے کر رہی ہے تاکہ لوگوں کی دلچسپی کے بارے میں اندازہ لگا سکے۔

اطلاعات کے مطابق پیسے دے کر خدمات حاصل کرنے والے اراکین کے لیے ٹویٹ کا وسیع ورژن دستیاب ہو گا جس میں ٹوئٹر ڈاٹ کام سے زیادہ سہولیات ہوں گی۔

٭ ٹوئٹر کے مالی خسارے میں اضافہ

٭ ٹوئٹر پر ٹرینڈز کی جنگ

بہرحال کمپنی نے اپنے موجودہ صارفین سے خدمات کی قیمت حاصل کرنے کے بارے میں کوئی عندیہ نہیں دیا ہے۔

لیکن ممبرشپ کی نئی سکیم سے ٹوئٹر کو ایک ایسے وقت میں آمدنی کا نیا ذریعہ حاصل ہو سکتا ہے جب صارفین بڑی تعداد میں سنیپ چیٹ جیسے نیٹ ورکز کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔

ٹوئٹر کے صارفین میں اضافہ ہونا بند ہو گیا ہے اور اشتہار سے ہونے والی آمدنی اس کا واحد ذریعہ ہے جو کہ تنزلی کا شکار ہے۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر کی آمدن میں اس وقت کمی دیکھی جا رہی ہے جب آن لائن کے اشتہار بازار میں خاطر خواہ اضافہ نظر آ رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty Images
Image caption ایک عرصے سے ٹوئٹر کے صارفین میں اضافہ نہیں دیکھا جا رہا ہے

ٹوئٹر نے اپنے صارفین میں سے بہت تھوڑے سے مخصوص صارفین سے اپنے اس خیال کے بارے میں سروے کیا ہے۔

کمپنی نے ایک بیان میں کہا: 'ہم ٹوئٹر کے ساتھ صارفین کا تجربہ جاننے کے لیے مستقل طور پر تحقیق کرتے رہتے ہیں تاکہ انھیں بہتر طور پر اپنی چیز کے بارے میں بتا سکیں۔ اور ہم پیشہ ورانہ لوگوں کے لیے ٹویٹ ڈیک کو زیادہ قیمتی بنانے کے بہترین راستوں پر غور کر رہے ہیں۔'

مخصوص صارفین کو روانہ کردہ اپنے ای میل میں کمپنی نے بتایا ہے کہ نئے ٹولز کس طرح کام کریں گے۔

ای میل میں کہا گیا ہے کہ'پریمیئم ٹول سیٹ میں دیکھنے اور پوسٹ کرنے کی بہتر سہولیات ہوں گی اور اس میں ٹرینڈز، سرگرمیوں کو دیکھنے اور ان کا تجزیہ کرنے، تجزیوں، ٹویٹ لکھنے اور پوسٹ کرنے کے سارے ٹولز ایک ہی ڈیش بورڈ پر ہوں گے۔'

ای میل میں کہا گیا ہے کہ 'اسے اس طور پر تیار کیا جائے گا کہ بہت سی چیزوں کو ایک ساتھ کرنے کی سہولت ہو، آپ اپنے سامعین میں اضافہ کر سکیں اور بروقت زیادہ مواد اور معلومات حاصل کر سکیں۔'

اگر ٹویٹر اپنا پریمیئم اکاؤنٹ شروع کرتا ہے تو اس کا مقابلہ 'سوشل فلو' اور 'ہوٹ سوٹ' جیسی پہلے سے میدان میں موجود کمپنیوں سے ہوگا۔ ان کمپنیوں نے کئی سال سے ٹوئٹر سے بہتر استعمال کو بازار میں متعارف کرا رکھا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں