کیا جدید ٹیکنالوجی قابل اعتماد ہے؟

حملہ تصویر کے کاپی رائٹ AFP

میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ کیا جدید ٹیکنالوجی پر اتنا انحصار ٹھیک ہے؟ جب ہر چیز انٹرنیٹ پر ہو گی تو کون کرے گا بینک اکاؤنٹ کے لاکر کی حفاظت، کون روکے گا ہزاروں فٹ بلندی پر اڑتے جہاز کو کسی اور روٹ پر جانے سے اور کون بتائے گا ڈاکٹر کو کہ اس مرض کی تشخیص یہ ہے اور علاج یہ۔

کمپیوٹرز اور انٹرنیٹ نے ہماری دنیا پر قبضہ کر لیا ہے اور ان کی پیش قدمی بڑھتی ہی جا رہی ہے۔

99 ممالک غیرمعمولی سائبر حملے کی زد میں

کیا آپ کا کمپیوٹر خطرے میں ہے؟

ذرا اسے ہی لیں۔ یہ منظر ہے صبح کے وقت لندن کی ایک ٹرین کا۔ مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی لیکن اگر سبھی نہیں تو ان میں سے تقریباً 70 فیصد لوگ (عورتیں اور مرد) سر جھکائے اپنے اپنے گیجٹ کو گھور رہے ہیں۔

زیادہ تر کے پاس فون ہے اور باقی ماندہ لوگوں کے پاس کِنڈل۔ ہر کوئی ساتھ ساتھ کانوں میں ٹوٹیاں یا ائرفون لگائے اپنی اپنی پسند کے گانے بھی سن رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

کیا آج سے 30 سال پہلے کسی نے سوچا تھا کہ ہم مشینوں کے غلام ہو کر ایک دوسرے سے اتنے بیگانے ہو جائیں گے۔ یہاں تک تو بات سمجھ آتی ہے لیکن پھر اس سے آگے اب تک تو صرف اندھیرا ہے۔

کل مجھے یہ احساس ایک مرتبہ پھر ہوا۔ مجھے اپنی آنکھ کے علاج کے سلسلے میں ہسپتال جانا پڑا۔ وہاں جا کر ریسپشن پر اپائنٹمنٹ کا خط دیا اور انتظار کرنے لگا لیکن ماحول کچھ بدلا ہوا تھا۔

کیا تھا؟ شاید ضرورت سے زیادہ عملہ۔ کیوں؟ زیادہ تر نے فائلیں پکڑی ہوئی تھیں۔ پھر کیا ہوا۔ مریضوں کو آوازیں دے رہے تھے۔ نارمل ہے۔

لیکن جو چیز آج کل کے دور میں برطانیہ جیسے معاشرے میں مجھے سب سے حیرت انگیز لگی وہ یہ تھی کہ نرسیں ہر نئے اور پرانے مریض کی سب تفصیلات کاغذات پر لکھ رہی تھیں۔ بیچاری نرسیں۔

کمیپوٹر صرف کالی سکرینیں تھے اور کچھ نہیں۔ نام کیا ہے، عمر کیا، جنس کیا، کون سی دوا لیتے ہیں، وزن کتنا ہے، کہاں رہتے ہیں، کب کب پہلے ہسپتال آنا ہوا، کبھی کوئی آپریشن ہوا۔ سوالات کا ایک لامتناہی سلسلہ۔ بھئی کیوں۔ وہ سب کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا کہاں گیا؟

وہ جو حال ہی میں سائبر حملہ ہوا ہے، سب اس کی نظر ہوگیا۔ اب پتہ نہیں اس کو دوبارہ واپس لانے میں کتنا وقت لگے گا۔ اگر آپ کو ایک دن کے نوٹس پہ آپریشن کے لیے بلا لیں تو آپ کے لیے کوئی مشکل تو نہیں ہو گی؟

سسٹم خراب ہے اس لیے پتہ نہیں شاید آپ کو آپریشن کا خط معمول کے مطابق نہ ملے۔

تو بتایے جدید ٹیکنالوجی پر اتنا انحصار ٹھیک ہے؟

اسی بارے میں