ضرورت کمرہ کا اشتہار، پاکستانی ڈاکٹر کو رشتوں کی پیشکش

تصویر کے کاپی رائٹ Rehan Munir

کسی بھی بڑے شہر میں رہائش ڈھونڈنا مشکل ہوتا ہے اور خاص طور پر اس وقت جب رہائش کا بجٹ کم ہو۔

تو پھر رہائش حاصل کرنے کے لیے آپ کیا کریں اور خاص طور پر اس وقت جب آپ نئے نئے گریجوئیٹ ہوئے ہوں اور آپ کو نیو یارک جیسے شہر میں رہائش لینی ہو؟

خوش شکل ہونا ایک اضافی فائدہ ہے اور یہی ہوا پاکستان کے ریحان منیر کے ساتھ۔

ریحان منیر 26 سالہ گریجوئیٹ ہیں جو نیو یارک میں رہائش ڈھونڈ رہے تھے۔ ان کو مشورہ دیا گیا کہ فیس بک پر 'جپسی ہاؤسنگ' نامی پیج پر پوسٹ کرو کہ ان کو نیو یارک میں ایک کمرہ چاہیے۔

ریحان نے اس پیج پر پوٹ کی کہ وہ 26 سالہ ڈاکٹر ہیں اور ان کو ڈیڑھ ماہ کے لیے کمرہ درکار ہے۔

'میں پروفیشنل ہوں، دوستانہ ہوں۔ سب سے اہم صاف ستھرائی کا بہت خیال رکھتا ہوں۔'

اس پوسٹ کے ساتھ ریحان نے اپنی تصویریں بھی لگا دیں۔ اس پوسٹ نے تو جیسے انٹرنیٹ پر آگ لگا دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ GypsyHousing/Facebook

ایک خاتون نے لکھا 'معذرت کے ساتھ لیکن تم بہت خوبصورت ہو۔' ایک اور خاتون نے لکھا 'میرے سے شادی کر لو؟'

ایک اور خاتون نے لکھا 'یہ اتنا ہاٹ ہے!!! کاش میرے پاس کرائے پر دینے کے لیے ایک کمرہ ہوتا۔'

لیکن چند لوگوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ریحان کو صرف کرائے پر ایک کمرہ چاہیے۔

ایک صارف نے لکھا 'کیا ہو گیا ہے۔ تم سب اس وقت پاگل ہو رہی ہوتی اگر بہت سارے مرد کسی خوبصورت خاتون کے بارے میں اس قسم کی باتیں کر رہے ہوتے۔ اس لڑکے کو صرف کمرہ درکار ہے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ GypsyHousing/Facebook

ایک اور صارف نے لکھا 'یہ پیج کب سے ڈیٹنگ ایپ بن گیا ہے؟'

ریحان منیر ماڈل رہ چکے ہیں لیکن ان کو یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ انٹرنیٹ پر بھی مشہور ہو جائیں گے۔

انھوں نے ہفنگٹن پوسٹ کو بتایا 'میں کافی متاثر ہوا ہوں۔ میں نے پوسٹ کی اور اگلے دن اتنے زیادہ پیغامات تھے اور یہ پوسٹ مقامی اور بین الاقوامی بلاگز میں بھی شائع ہوئی۔'

منیر کا کہنا ہے کہ انھوں نے پاکستان میں بہت سے استہارات میں کام کیا ہے بشمول ہش پپیز کے اشتہار کے۔

منیر نے ہفنگٹن پوسٹ کو بتایا 'میں اس وقت اپنے کریئر پر توجہ دے رہا ہوں۔'

متعلقہ عنوانات