دنیا کے ’سب سے عمر رسیدہ‘ دریائی گھوڑے کی فلپائن میں موت ہوگئی

برتھا تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جب اس جانور کو سنہ 1959 میں چڑیا گھر میں لایا گیا تھا اس وقت اس کی عمر سات سال تھی

فلپائن میں برتھا نامی دریائی گھوڑے کی 65 سال کی عمر میں موت ہو گئی ہے۔ اسے انسانی قید میں رہنے والا دنیا کا سب سے زیادہ عمر رسیدہ دریائی گھوڑا تصور کیا جاتا تھا۔

یہ مادہ دریائی گھوڑا سات سال کی عمر سے منیلا کے چڑیا گھر میں اس وقت آئی تھی جب یہ چڑیا گھر سنہ 1959 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی چڑیا گھر کے عملے کا کہنا ہے کہ یہ وہاں سب سے زیادہ عرصے تک رہنے والی جانور تھی۔

آزادانہ طور پر اس کی عمر کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کیونکہ چڑیا گھر کے پاس اس کی پیدائش کے متعلق کاغذات نہیں ہیں۔

٭ دنیا کا آخری سفید گینڈا اب ڈیٹنگ ایپ پر

بہر حال ایک دریائی گھوڑے کی اوسط عمر 40 سے 50 سال کے درمیان ہوتی ہے۔

چڑیا گھر کے ڈائریکٹر جیمز ڈیکیوز نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’برتھا یہاں آنے والے ابتدائی جانوروں میں سے تھی۔‘

چڑیا گھر کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ گھاس، پھل اور بریڈ شوق سے کھاتی تھی۔

اب اس چڑیا گھر کا سب سے معمر جانور مالی نامی ہاتھی ہے جس کی عمر 43 سال ہے۔

رواں سال کی ابتدا میں جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والوں نے ایک اپیل جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مالی کو تھائی لینڈ کی جنگلی جانوروں کی پناہ گاہ میں منتقل کر دیا جائے۔

اسی بارے میں