وعدہ کریں کہ آپ ہماری قدر کریں گے، ہمارے گھر کو بچائیں گے: شیر کا ٹویٹ

تصویر کے کاپی رائٹ Kerla Tourism/ Twitter
Image caption کیرالہ کی وزارت سیاحت کی جانب سے یہ تصویر شیر کے ٹویٹ کے ساتھ پوسٹ کی گئی ہے۔

انڈیا نے 'گلوبل ٹائیگر ڈے' یا 'انٹرنیشنل ٹائيگر ڈے' کے موقعے پر شیروں کو تحفظ فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔

سائنس اینڈ ٹکنالوجی، ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے شیروں کے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام میں شیروں کو بچانے کا عہد کیا۔

٭ سیلفی لیتے سائبیرین شیر

٭ انڈیا میں شیروں کی ہلاکتوں پر ’خاموشی‘ کیوں؟

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ٹائیگر کہے جانے والے شیروں کی 70 فیصد آبادی ہندوستان کی تقریبا 50 مختلف جنگلی پناہ گاہوں میں رہتی ہے۔

سنہ 2010 میں سینٹ پیٹرسبرگ میں منعقدہ کانفرنس میں 29 جولائی کو 'بین الاقوامی ٹائيگرز ڈے' کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کا مقصد اس کی قدرتی رہائش کو تحفظ فراہم کرنا اور لوگوں میں اس کے متعلق بیداری پیدا کرنا تھا۔

ورلڈ ٹائیگر ڈے تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption نئی دہلی میں منعقدہ پروگرام میں بچوں نے شیروں کے متعلق بیداری پیدا کرنے والے پروگرام میں شرکت کی

سنیچر بنگلہ دیش، نیپال، انڈیا، برطانیہ اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں 'گلوبل ٹائيگر ڈے' کے سلسلے میں تقریبات منعقد ہوئيں۔

ورلڈ وائڈ فنڈ اپنے 'ڈبل دا ٹائيگر' پروجیکٹ یعنی شیروں کی تعداد دگنی کرنے پر کام کر رہا ہے اور ہندوستان اس پروجیکٹ میں شامل ہے۔

اتوار کو انڈیا کی سوشل میڈیا کے ٹاپ ٹرینڈز میں 'انٹرنیشنل ٹائیگر ڈے' سرفہرست ہے اور لوگ اس جانور کے بارے میں اپنی رائے پیش کر رہے ہیں۔

ورلڈ ٹائیگر ڈے تصویر کے کاپی رائٹ Harsh Vardhan/Twitter
Image caption بین الاقوامی ٹائیگر ڈے پر وزیر ماحولیات ڈاکٹر ہرش وردھن کے ساتھ اداکار رندیپ ہوڈا کو داڑھی میں دیکھا جا سکتا ہے

انڈیا میں سکولی بچوں نے شیر کو بچانے کے لیے سکٹ پیش کیں اور شیر کے ماسک پہنے نظر آئے۔

جبکہ انڈیا میں ریت سے مجسمہ بنانے والے معروف فنکار سدرشن پٹنایک نے اس موقعے پر شیر کی جو تصویر بنائی اسے سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے۔

ورلڈ ٹائیگر ڈے تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption سیو دا ٹائیگر کا پیغام ان سکولی بچیوں نے اپنے چہرے کو شیر کی طرح رنگ کر دیا ہے

آلو آشیش نامی ہینڈل سے ایک صارف نے لکھا: 'شیر خوبصورتی، قوت اور قومیت کی علامت ہے اس لیے اسے بچائیں۔ خیال رہے کہ ٹائیگر انڈیا اور بنگلہ دیش کا قومی جانور ہے۔'

شیر تصویر کے کاپی رائٹ Sudarsansand/Twitter
Image caption اڑیسہ کے فنکار کے شدرشن نے شیر کی یہ تصویر ساحل پر بنائی ہے اور سوشل میڈیا پر اسے ایک ہزار سے زیادہ لوگ پسند کر چکے ہیں

جنوبی ہندوستانی ریاست کیرالہ کی وزارت سیاحت نے شیر کی جانب سے ایک ٹویٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ 'اس بین الاقوامی یوم ٹائیگر پر وعدہ کریں کہ آپ ہماری قدر کریں گے اور ہمارے گھر کو بچائیں گے۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں